اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنی بھوک ہڑتال کے 15ویں روز ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں پاک سرزمین پارٹی کے رہنما راجہ ریاض کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل سے حکومت کی دانستہ لاتعلقی جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ ہر وقت جمہوریت کا راگ الاپنے والے حکمرانوں کو وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہاوس سے ایک کلومیٹر مسافت پر گذشتہ پندرہ دنوں سے ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کا لگا ہوا بھوک ہڑتالی کیمپ کیوں دکھائی نہیں دے رہا۔ حکومت کی طرف سے ملت تشیع کے ساتھ یہ غیر منصفانہ طرز عمل حکومت کے متعصبانہ رویہ کی دلالت کرتا ہے۔ حکومت کو واضح کرنا ہوگا کہ ہمیں مسلسل نظرانداز کرکے وہ کن قوتوں کو خوش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے سینکڑوں قافلے اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کے لئے بےچین بیٹھے ہیں۔ اگر ان ریلیوں کا رُخ اسلام آباد کی طرف ہوگیا تو پھر واپسی آسانی سے نہیں ہوگی۔
علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے ہم اپنے مطالبات کو پرامن انداز میں منوائیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن جماعتوں کو تصادم کی راہ پر اکسانے کے لئے مشتعل کرنا نون لیگ کا پرانا ہتھیار ہے۔ ہمیں اس طرح کی چالوں میں نہیں الجھایا جاسکتا۔ علامہ ناصر عباس نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی قوم کو قائد و اقبال کا وہ پاکستان واپس کیا جائے، جس کا انہوں نے خواب دیکھا اور جس کے لئے لاکھوں جانوں کی قربانی دی گئی، حکمرانوں کی تباہ کن پالیسیوں نے اس ملک کو طالبان اور انتہاپسندوں کا ملک بنا کر رکھ دیا ہے۔ آرمی چیف اس ملک سے ان ملک دشمن عناصر کا مکمل صفایا کریں۔ انہوں نے کہا ملک کے تمام سول و عسکری اداروں سے ان کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے جو اداروں کی بدنامی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ ہم نے کراچی میں بھی آواز حق بلند کی ہے۔ یہاں بھی مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ مل کر ظلم و بربریت کے خلاف ملک کر جدوجہد کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169